(ایجنسیز)
شام کے دارالحکومت دمشق کے قریب واقع فلسطینی پناہ گزینوں کے سب سے بڑے کیمپ "یرموک" میں بشارالاسد کی فوج کے محاصرے کے نتیجے میں بھوک اور افلاس کے باعث ایک اور بچی شہید ہوگئی ہے۔ جس کے بعد اب تک کیمپ میں فاقوں سے موت کے منہ میں چلے جانے والوں کی تعداد ایک سو ایک ہوگئی ہے۔
انسانی حقوق کی تنظیم "فلسطین ۔ شام ایکشن فرنٹ" کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ ہفتے کے روز ایک کم سن بچی اسلام احمد شاھین دوائی اور خوراک نہ ملنے کے باعث کئی روز کی موت وحیات کی کشمکش میں رہنے کے بعد دم توڑ گئی۔
بیان میں بتایا گیا ہے کہ یرموک مہاجرکیمپ میں موت کے سائے برقرار ہیں۔ عالمی اداروں
کی یقین دہانیوں کے باوجود شہر کے محصورین کونہ تو امداد فراہم کی جا رہی ہے اور نہ ہی محصورین کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی اجازت دی جا رہی ہے۔ ایسے لگ رہا ہے کہ سرکاری فوجیں فلسطینیوں کو بھوکا مارنے کی ظالمانہ پالیسی پرعمل پیرا ہیں۔
بیان میں بتایا گیا ہے کہ کم سن بچی چند روز قبل جامع مسجد وسیم کے باہر نامعلوم شخص کی فائرنگ سے زخمی ہوگئی تھی، جس کے بعد اسے کسی قسم کا علاج فراہم نہیں کیا جاسکا اور نہ ہی خوراک دی گئی ہے۔ وہ لاعلاج اور بھوک سے نڈھال کل ہفتے کے روز دم توڑ گئی۔ بیان میں بتایا گیا ہے کہ کیمپ میں نامعلوم حملہ آوروں کی فائرنگ کے نتیجے میں اب تک کم سے کم 233 افراد شہید ہوچکے ہیں۔